کراچی: تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول نے دلبرداشتہ ہوکر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 100 سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن نے اپنا استعفیٰ اپوزیشن لیڈر سندھ کو ارسال کردیا۔ کریم بخش گبول نے استعفیٰ ارسال کرنے کے بعد اپنا موبائل بھی بند کردیا۔

اپنے استعفے میں انہوں نے وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’حلقے کے عوام کی شکایات کا ازالہ نہیں ہورہا، رکن قومی اسمبلی مجھے اور حلقے کو ہمیشہ نظر انداز کرتا ہے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت دیگر رہنماؤں کے سامنے اس مسئلے کو اٹھایا مگر کہیں کوئی شنوائی نہیں ہوئی، ایسے میں اسمبلی کی رکنیت رکھنے کا میرا کوئی حق نہیں ہے‘۔

کریم بخش گبول نے اپنے حلقے کے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان سے بھی شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے دوران کریم بخش گبول کو سندھ اسمبلی سے مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش بھی کی گئی تھی، انتخابات والے دن کریم بخش گبول کو تحریک انصاف کے اراکین حصار میں لے کر ایوان پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق کریم بخش گبول سینیٹ انتخابات کے بعد سے منظر عام سے غائب تھے اور وہ تحریک انصاف کی قیادت کے رابطے میں بھی نہیں تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here