لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پابندی کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں سخت مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم اپریل سے شادی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ مارکیٹیں شام 6 بجے بند ہونگی، پارکس اور ریسٹورنٹس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ پابندیوں کا اطلاق بارہ فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں پر ہوگا۔
کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی۔ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار 227، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 889، خیبر پختونخوا میں 85 ہزار 531، بلوچستان میں 19 ہزار 525، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 10، اسلام آباد میں 56 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ ایک لاکھ 7 ہزار 95 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 369 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 41 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 246، سندھ میں 4 ہزار 491، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 301، اسلام آباد میں 561، بلوچستان میں 206، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 348 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔