اسلام آباد اور راول پنڈی میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
ملک بھر میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کا آغاز ہفتے سے ہوا۔ چلاس میں کوہستان کوژک میلہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ ریشم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل چھا گئے۔ صوبائی دارالحکومت کے علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک ،ڈیوس روڈ ،گڑھی شاہو میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی۔ انارکلی، مال روڈ، جیل روڈ ،گلبرگ ،جوہرٹاون، فیروز پور روڈ، ٹھوکر اور اسلامپورہ میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے خنکی لوٹ آئی۔
پنجاب کے دیگر شہروں میاں چنوں، چشتیاں، رینالہ خورد، جھنگ، شورکوٹ، احمد پور شرقیہ سمیت علاقوں میں بھی بارش سے درجہ حرارت میں گر گیا۔
ادارے کی رپورٹ کے مطابق بارش کا موجودہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا۔ بارش کا یہ سسٹم 2 حصوں پر مشتمل ہے، جس کی شدت شمالی و مغربی علاقوں میں موسلادھار، پنجاب میں معتدل سے تیز اور سندھ بلوچستان میں معتدل ہوگی۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کے بعد بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایات کی ہے۔
پیراور منگل کو خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی اور شہر کا موسم تبدیل ہوگا