کراچی میں 22 مارچ سے شروع ہونے والے بی کام ریگولر اور پرائیوٹ کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

جامعہ کراچی کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق رواں ماہ ہونے والے بی کام ریگولر اور پرائیوٹ کے سالانہ امتحانات کو کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔

رجسٹرار پروفیسر عبدالوحید کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے 15 مارچ بروز پیر کو صوبے بھر میں ایک ماہ کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تفریحی پارکس کو شام 6 بجے بند کردیا جائے گا، ریسٹورینٹس کے اندر کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم ریسٹورینٹس سے ہوم ڈلیوری اور کھانا گھر لے جانے کی سہولت ہوگی۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام کاروباری مراکز رات 10 بجے بند کر دیئے جائیں گے، تاہم میڈیکل اسٹور،کلینکس، اسپتال، پیٹرول پمپس، بیکریاں ، ملک شاپس اور ریسٹورینٹس کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے اور کرونا ایس او پیزپر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہ پرتقریب میں 300 افراد تک بلائے جاسکتے ہیں جب کہ شادی ہالز میں بوفےکھانا کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک میں کرونا کی تیسری لہر کے بعد مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور تعلیمی ادارے بھی 2 ہفتوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here