اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مرضی سے شادی ہر لڑکی کا بنیادی حق ہے، لڑکیوں کو پراپرٹی سمجھنا اسلام کے خلاف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں نجی یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مرضی سے شادی ہر لڑکی کا بنیادی حق ہے، لڑکیوں کو پراپرٹی سمجھنا اسلام کے خلاف ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام عورتوں کو جو حقوق دیتا ہے مرضی کی شادی ان حقوق میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
واضح رہے کہ 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں طالبہ نے اپنے ساتھی طالب علم سے شادی کرنے کا اظہار کیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، اور یونیورسٹی انتظامیہ نے دونوں طلبا کو جامعہ سے خارج کردیا تھا۔