چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آج تین بجے خفیہ ووٹنگ سے ہوگا، حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہیں۔
نائب چیئرمین کے لیے اپوزیشن نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سینیئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری جبکہ حکومت نے سابق فاٹا سے سینیٹر منتخب ہونے والے مرزا محمد آفریدی کو میدان میں اُتارا ہے۔
جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق نماز کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔
تین بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے ووٹنگ کروائی جائے گی۔
چیئرمین کے منتخب ہونے کے بعد پریزائیڈنگ افسر نئے چیئرمین سے حلف لیں گے۔
چئیر مین حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کروائیں گے چیئرمین سینیٹ نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔
سینیٹ رولز کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلے کی صورت میں ایک امیدوار کو ایوان کے اراکین کی مجموعی تعداد کی اکثریت یعنی کم از کم 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔