کراچی:پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر 2 اراکین سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار خان شر کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیئے۔

مرکزی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے چیئرمین سلمان آفتاب نے تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی کو نوٹسز جاری کئے۔ رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کیخلاف 7 روز میں کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف مغربی ریجن کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب دونوں ایم پی ایز کیخلاف کارروائی کرے گی۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر نے سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

ادھر سینیٹ انتخاب کے بعد اپوزیشن ارکان کی تعداد 53 ہوگئی جبکہ پی ٹی آئی اور اتحادیوں کی نشستیں 47 ہوگئی۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں پیپلز پارٹی 20 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ن لیگ 18، جے یو آئی 5، اے این پی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا میپ کی 2،2 سیٹیں ہیں۔ بی این پی مینگل تین اور ایک آزاد ارکان کی حمایت بھی اپوزیشن کو حاصل ہے۔

حکومتی اتحاد میں پی ٹی آئی 26 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی 12، ایم کیو ایم 3، ق لیگ اور مسلم لیگ فنکشنل کے ایک ایک سینٹرز اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here