اسلام آباد: شہریار آفریدی نے سینیٹ انتخاب کے بیلٹ پیپر پر دستخط کرکے اپنا ووٹ ضائع کردیا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے سے جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اپنا اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، تاہم تحریک انصاف کے رکن اور وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے پہلے اپنے ووٹ پر دستخط کئے اور پھر ووٹ کاسٹ کیا، جس کے بعد ان کا ووٹ ضائع ہونے پر قوی امکان ہے۔
بیلٹ پیپر پر دستخط کرنے کی پاداش میں وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر شہریار آفریدی پر برس پڑے اور کہا کہ آپ ایم این اے ہیں اس طرح کی غلطی کیسے کردی، سب کو طریقہ کار بتایا گیا تھا کہ ووٹ کیسے کاسٹ ہوتا ہے، آپ کو نہیں پتا کس طرح ووٹ کاسٹ کرتے ہیں؟، آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنا چاہیے تھی۔
دوسری جانب شہریار آفریدی وزیراعظم کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، اور ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن سےمیری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، ووٹ ڈالنے پہنچا تو پہلے پولنگ عملے سے بات کی، لیکن پولنگ عملے نے صحیح طرح رہنمائی نہیں کی، اور بیلٹ پیپر پر امیدوار کی گنتی کے نمبرز پر انتخاب کی بجائے دستخط کردیئے۔ شہریارآفریدی کی الیکشن کمیشن کودوبارہ ووٹ کاسٹ کرنےکی درخواست بھی کی ہے۔