مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے مقاصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گی، تاہم جب صحافی نے لانگ مارچ سے متعلق سوال کیا تو مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔
کوٹ لکھپت جیل روانگی سے قبل جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پارٹی کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ حمزہ نے 2 سال ناحق جیل کاٹی ہے۔ حمزہ نے بہادری کیساتھ جھوٹے کیس کا مقابلہ کیا۔
ضمنی انتخاب پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک حلقہ کھلا تو پوری اصلیت سامنے آگئی۔ یہ ایک حلقے کا ری الیکشن برداشت نہیں کرسکتے، اس لئے چیلنج کر رہے ہیں۔ سینیٹ الیکشن پر میں کچھ نہ کہوں تو بہتر ہے۔ میری تمام تر توجہ ڈسکہ ضمنی انتخاب پر ہے۔ یہ ری الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم این ایز جانتے ہیں عمران خان کی کارکردگی نے ان کے ووٹ بینک پر اثر ڈالا ہے۔ عمران خان کا دوبارہ آنے کا چانس نہیں ہے۔ یہ لوگ اب گئے تو دوبارہ حکومت میں نہیں آئیں گے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی خود رابطے کر رہے ہیں اور اچھا کر رہے ہیں۔ وہ دونوں پارٹیوں کیلئے خدمات انجام دے رہیں ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز کی کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے احکامات 27 فروری بروز ہفتہ موصول ہوئے۔