اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کی غیرقانونی عاقبت نااندیش عسکری مہم جوئی پرہماری جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونے پرمیں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پاکستان کے خلاف فضائی حملے کی شکل میں بھارت کی غیرقانونی عاقبت نااندیش عسکری مہم جوئی پرہماری جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونے پرمیں قوم کو مبارکباد اوراپنی افواج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ایک با اعتماد اورفاخرقوم کے ناطے ہم نے پورے عزم واستقلال سے اپنی مرضی کے وقت اورمقام پر جواب دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی غیرذمہ دارانہ عسکری شرانگیزی کے باوجود گرفتاربھارتی ہواباز ابھی نندن واپس کرکے پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنے ذمہ دارانہ رویے کا اظہارکیا۔ ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اوربات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیاررہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں ایل اوسی جنگ بندی کی بحالی کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ مزید پیش رفت کیلئے ایک سازگارماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری بھارت پرعائد ہوتی ہے، ہندوستان اہلِ کشمیر کے دیرینہ مطالبے کی منظوری اورسلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں انہیں حقِ خودارادیت کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔