اسٹاف رپورٹ
کراچی: سیکرٹری بلدیات ہاوئسنگ وٹاون پلاننگ سندھ سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت کراچی انفرا اسٹرکچر امپرومنٹ اور ڈویلپمنٹ کے موضوع پر اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں پاکستان آرمی انجینئرنگ کور، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ، میونسپل کمشنر کراچی ،سول ایوی ایشن و کمشنر کراچی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں گزشتہ بارشوں میں ہونے والی تباھی کے اسباب، آئندہ مون سون سے قبل پیشگی تیاریوں اور نالوں پر قائم تجاوزات کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر شرکا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سالڈ ویسٹ اور تمام ادارے جب تک مکمل طور پر یکسو اور معاملات کے حل کے لئے یکجا نہیں ہوں گے تب تک شہر کے مسائل کا مستقل حل تلاش نہیں کیا جاسکتا۔
نجم احمد شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ اس بات کا فیصلہ کرچکی ہے کہ اب کی بار ہونے والے بارشوں سے قبل ہی تمام حفاظتی و احتیاطی اقدامات کو مکمل کرلیا جائے اور ہر ڈسٹرکٹ کی حدود میں واقع برساتی نالوں پر سے تجاوزات کا مستقل طور پر خاتمہ کردیا جائے۔
سیکرٹری بلدیات سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ کالونی سے گزرنے والے برساتی نالے پر قائم تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے اور کے ایم سی کی معاونت سے مربوط حکمت عملی پر عمل در آمد لازمی بنایا جائے۔ میٹنگ کے شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تمام بورڈز اور اتھارٹیز کی حدود میں واقع تجاوزات کو مکمل طور سے قبل از وقت مستقل پر ہٹانے کے لئے جامع و مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائے اور کسی بھی مرحلے پر مصلحت پسندی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے۔
نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے انفرا اسٹرکچر اور بنیادی ماسٹر پلان کے مطابق شہر کو اس کی اصل صورت کے مطابق ڈھالنا بے حد ضروری ہے اور اس مقصد کی تکمیل کی خاطر ہر ممکن وسائل و کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کے مطابق کراچی کے نالوں کی صفائی کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بھی اہم کردار ادا کیا اور حکومت سندھ ان کاوشوں کی تہ دل سے قدر کرتی ہے۔ نجم احمد شاہ نے بطور خاص ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی اور حساس علاقوں پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز رکھی جائے اور آنے والے بارشوں میں فوری نکاسی آب کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں مکمل کی جائیں۔