کراچی / لاہور: الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا جب کہ (ن) لیگ کے پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل بھی مسترد کردی گئی ہے۔
ایک ٹی وی نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کی اپیل پر سماعت کی۔
الیکشن ٹریبونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصل واوڈا کے خلاف قادر مندوخیل کی اپیل کو مسترد کردیا اور پی ٹی آئی رہنما کی نامزدگی کو درست ٹہراتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دیا۔
قادر مندوخیل نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے، ریٹرننگ افسرکے سامنے اعتراضات دائر کیے مگر انہوں نے سننے سے انکار کردیا لہٰذا فیصل واوڈاکو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔