کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں نااہل حکمرانوں کو آئینہ دکھا دیا، سلیکٹڈ وزیراعظم اب عزت سے مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 221 سے پی پی پی امیدوار کی غیر حتمی نتائج میں کامیابی پر پیغام میں کہا کہ تاش کے پتوں سے بنے محل جیسی سلیکٹڈ حکومت کیلئے حالیہ ضمنی انتخابات پہلا امتحان تھے، ضمنی انتخابات میں عمران خان چاروں صوبوں میں فیل ہوا، آئندہ بھی شکست اس کا مقدر ہے، پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں، سینیٹ الیکشن میں بھی جیت عوام کی ہوگی۔
یاد رہے تھرپارکر میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 پر ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار امیرعلی شاہ ایک لاکھ 2 ہزار 232 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے نظام الدین 52 ہزار 522 ووٹ ہی حاصل کرسکے۔