کراچی: پاکستان تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں فنکشنل نے اپنے خدشات سے پی ٹی آئی کے وفد کو آگاہی دے دی۔
تحریک انصاف نے ملیر اور سانگھڑ کی نشستوں پر حمایت مانگ لی، ملاقات میں فنکشنل لیگ سندہ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے اطلاعات سیکریٹری سردار عبدالرحیم،ایم پی اے نند کمار گوکلانی جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی،ایم پی اے حلیم عادل شیخ،خرم شیر زمان اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ میں 13سالوں سے عوام پر جو ظلم ہورہا ہے اس کے خاتمے لانے کیلیے تمام جماعتوں کو آگے آنا ہوگا،سندہ میں تین نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ،جہاں جس جماعت کا مضبوط امیدوار ہوگا اس کو سپورٹ کی جائے گی،ہم پیر پگارا کے احسان مند ہیں جب سے وہ وفاق میں ہمارے اتحادی بنیں ہے ہر مشکل وقت میں انھوں نے ہمیں مدد دی ہے،ہمیں پوری امید ہے مثبت جواب ملے گا۔
اس موقع پر سردار عبدالرحیم نے کہا اہم میٹنگ تھی،ضمنی انتخابات کے حوالے بات چیت ہوئی عمر کوٹ میں ارباب رحیم جی ڈی اے اور اتحادیوں کے مضبوط امیدوار ہے، میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیے،سانگھڑ اور پی ایس 88 پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر بھی اتحاد کی بات ہوئی ہے، ایم کیو ایم سے بھی مطالبہ کروں گا کہ ضمنی انتخابات پر مضبوط مؤقف رکھے۔