اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ 2020 کورونا کے باعث مشکل سال تھا، لوگوں کو اپنی پالیسیوں کے ذریعے بھوک سے بچایا، پاکستان صحیح سمت میں ترقی کر رہا ہے، حکومت کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2020 ہمارے اور دنیا کیلئے کورونا کی وجہ سے بہت مشکل رہا، ہم نے کورونا کے خلاف جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، نہ صرف لوگوں کی زندگیاں بچائیں بلکہ بھوک سے بھی محفوظ رکھا، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت 2021 میں نئے پروگرام کا آغاز کرے گی، یہ 2 منصوبے 2021 کے اختتام تک مکمل ہوں گے، پہلا منصوبہ ملک بھر کے عوام کو صحت کی سہولتیں دینا ہے، صحت سہولیات کا منصوبہ خیبرپختونخوا میں شروع ہو چکا، صحت سہولیات کا منصوبہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں جلد شروع ہوگا، امید ہے دوسرے صوبے بھی صحت کے منصوبے پر عمل پیرا ہوں گے۔