وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں نئی ایئرلائن ایئر سیال کا افتتاح کر دیا جبکہ شہر کے لیے 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کريں گے۔
اس حوالے سے سيالکوٹ کو پارٹی پرچم اور پينا فليکس سے سجايا گيا تھا۔
وفاقی وزراء غلام سرور خان اور حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی عثمان ڈار اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے جو کہ سیالکوٹ شہر کے ليے تاریخی پیکچ ہے۔ کامياب جوان پروگرام کے تحت سيالکوٹ کے نوجواجوں ميں چيکس تقسيم کيے جائيں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شروع ہونے والی نئی ایئرلائن ایئر سیال کا طیارہ 29 نومبر کو امریکا سے کراچی پہنچا تھا۔ پاکستان میں شروع ہونے والی نئی فضائی کمپنی سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی ہے، جس نے یہ طیارہ امریکا سے منگوایا۔ ایئرلائن کے دو مزید طیارے اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے۔
ایئر لائن 3 ایئر بس 320 پر محیط فلیٹ سے فلائٹس آپریشن شروع کرے گی۔ انتظامیہ سال نو کے موقع پر ڈومیسٹک فلائٹس آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔