لاہور: پاکستانی اسکواڈ پرکورونا کے حملہ سے دورہ نیوزی لینڈ خطرے میں پڑگیا جب کہ 6 ٹیسٹ مثبت آگئے۔

نیوزی لینڈ میں قرنطینہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میں 6کورونا کیسز سامنے آگئے، میزبان بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں رپورٹس پازیٹیو آنے کا تو بتایا گیا لیکن یہ واضح نہیں کہ ان میں سے کتنے کرکٹرز یا کوچنگ اسٹاف کے افراد ہیں، یہ ضرور آگاہ کیا گیاکہ6 میں سے2 افراد پہلے بھی وائرس کی زد میں آ چکے جبکہ باقی4 نئے کیسز ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مثبت ٹیسٹ آنے والے تمام 6 کھلاڑی ہیں، یاد رہے کہ پاکستانی اسکواڈ نے نیوزی لینڈ آمد کے بعد آکلینڈ سے کرائسٹ چرچ پہنچ کر نواح میں واقع لنکن یونیورسٹی کے علاقہ میں ڈیرے ڈالے،مقامی حکومت کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام افراد کو 3روز تک الگ الگ کمروں تک محدود رکھتے ہوئے ٹیسٹ کیلیے سیمپل بھی لیے گئے تھے، ان میں سے6 ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں انھیں اب باقی اسکواڈ سے الگ قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا،اب تمام کھلاڑیوں کی 4بار ٹیسٹنگ ہوگی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ جب تک وزارت صحت کی تحقیقات مکمل اور مہمان اسکواڈ کے تمام ارکان کلیئر نہیں ہو جاتے وہ ٹریننگ بھی نہیں کر سکیں گے، انھیں کمروں تک محدود رہنا ہوگا۔

پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیاکہ ٹیسٹ کے نتائج مہمان اسکواڈ کیلیے مایوس کن ہیں لیکن اس سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلیے نیوزی لینڈ میں حکومت کی جانب سے بنایا جانے والا سسٹم موثر انداز میں کام کررہا ہے، ہم ملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد چاہتے ہیں لیکن عوام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کیلیے اپنی وزرات صحت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here