وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری اسکولز، سیکرٹری کالجز اور تعلیمی بورڈز کے چیئرمین شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا کی صورت حال اور تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کا مقصد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے سندھ کا مؤقف طے کرنا تھا، چاہتے تھے کہ سندھ میں تعلیم سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں۔

سعید غنی نے بتایا کہ اسٹیرنگ کمیٹی سندھ کے اجلاس میں تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں ہو گی، تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مزید سختی سے عمل کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ نے بتایا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا ہے کہ جو تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن کی طرف جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کووڈ کے کیس بڑھ رہے ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے، گزشتہ دنوں کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو مثبت کیسز کی شرح 3.7 فیصد تک بھی گئی۔

سعید غنی نے بتایا کہ وفاق سرما کی تعطیلات 25 دسمبر سے 10 جنوری تک کرنے کا کہ رہا ہے، اجلاس میں این سی او سی کی تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here