لاہور: خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ کل مینارپاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائیگی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ روزانتقال کرجانے والے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ کل صبح 11 بجے مینارپاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائیگی۔
ان کی وفات کے بعد ملک بھرسے کارکنان کا ان کی رہائش گاہ پرپہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب سیاسی لیڈران، سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مولانا خادم حسین رضوی کے انتقال پرتعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین۔
واضح رہے کہ مولانا خادم حسین رضوی گزشتہ شب حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے وفات پاگئے تھے۔ انہیں طبیعت خراب ہونے پراسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔