کراچی: امریکی ادارے یو ایس ایڈ اور حکومت سندھ کے مابین تعلیم کے شعبے میں عرصہ دراز سے قائم شراکتداری کے تحت کراچی کی بھینس کالونی میں ایک جدید اسکول قائم کرکے مقامی بچوں کو معیاری تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں بروز پیر بن قاسم میں قائم گورنمنٹ سیکنڈری اسکول بھینس کالونی میں یو ایس ایڈ کے سندھ اور بلوچستان کے ڈائریکٹر جیمز پیریز اور وزیر برائے ترقی نسواں سندھ سیدہ شہلا رضا نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں جیمز پیریز نے یو ایس ایڈ اور حکومت سندھ کے مابین قائم شراکتداری کی تعریف کی جس کی وجہ سے صوبے میں معیاری تعلیم کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ، "ہمیں نہ صرف اس بات کی خوشی ہے کہ ہم جدید تعلیمی نظام سے آراستہ اسکول قائم کررہے ہیں بلکہ ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ اس عمل سے امریکا اور حکومت سندھ باہمی اشتراک سے معیاری تعلیم کو فروغ مل رہا ہے۔”

مذکورہ اسکول USAID کے 25 ارب روپے (159.2ملین امریکی ڈالر) کی امداد سے چلنے والے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت سندھ حکومت کی شراکت سے تعمیر کیا گیا۔ اس اسکول کا انتظام پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت سماجی تنظیم ہینڈز کے ذمے ہوگا اور یہاں ۳۲۰ طلبا و طالبات علم حاصل کرسکیں گے۔ امریکی حکومت اس پروگرام کے تحت سندھ کے ۷۰ ہزار طالب علموں کو تعلیم کی جدید سہولیات مہیا کرنے کیلئے صوبے کے ۱۰ اضلاع میں ۱۰۶ اسکولوں کی جدید عمارتیں تعمیر کرنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد سندھ میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سرکاری اسکولوں میں داخلہ بڑھانا اور برقرار رکھنا ہے۔ اسکولوں کی تعمیر کے علاوہ SBEP صوبائی حکومت کے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، کمیونٹی موبلائیزیشن، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ اور طلباء کے پڑھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی اعانت کرتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here