اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو بجلی نومبر 2019 کے ریٹ سے 50فیصد کم پر دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے توانائی شعبے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے کے اس دور میں پاکستان میں صنعتوں کو ملنے والی بجلی مہنگی ہے، بدقسمتی سے صنعتی شعبے کو 25 فیصد مہنگی بجلی دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہماری انڈسٹری مقابلہ نہیں کرسکتی، کیونکہ پچھلی حکومتوں میں بجلی بنانے کے مہنگے معاہدے کیے گئے،آج جو پیکج اعلان کررہا ہوں اس سے صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ یکم نومبر سے اسمال میڈیم انڈسٹری (چھوٹی اور درمیانی صنعتوں) کیلئے اضافی بجلی پر 50 فیصد کم ریٹ پر بجلی دیں گے، مثلا اگر وہ 16 روپے یونٹ پر بجلی خرید رہے تھے تو اب وہ 8 روپے میں ملے گی، اسی طرح ساری صنعتوں کو اضافی بجلی 25 فیصد کم ریٹ پر ملے گی، اب کوئی پیک آوور نہیں ہوگا اور 24 گھنٹے آف پیک آوور ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بہت مشکل سے استحکام ملا ہے، ہماری ایکسپورٹ 25 سے 20 ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہیں، گاڑیوں کی سیل بڑھ گئی ہے، تعمیراتی صنعت آگے بڑھ رہی ہے، لوگوں کو روزگار ملے گا تو غربت کم ہوگی۔