پاکستان بھر میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ۖ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
رحمت اللعالمین ۖ کی ولادت کے دن کی خوشی میں ملک کا قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔عید میلادالنبی ۖ کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔نماز فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ میں باہمی اتحاد و اتفاق اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ملک بھر میں جلسے، جلوسوں اور محافل میلاد کا بھی اہتمام کیا گیا،عید میلادالنبیۖ کے موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جبکہ تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا۔کراچی میں مرکزی جلوس نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے امیرجماعت اہلسنت پاکستان کراچی علامہ سید شاہ عبدالحق قادری ودیگر علما مشائخ و قائدین اہلسنت کی قیادت میں برآمد ہوا،علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں سے بھی چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے۔حیدرآباد میں بھی جشن عید میلاد النبیۖ بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا۔ مرکزی جلوس لطیف آباد نمبر آٹھ سے نکالا گیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں چھوٹے بڑے جلوس نکل کر کوہ نور چوک پراختتام ہوئے۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جشن میلاد النبی ۖکا جلوس جی سیون مرکز سے نکالا گیا جو اپنے روا یتی راستوں سے ہوتا ہوا دربار سخی محمود پر اختتام پذیر ہوا ۔بلوچستان میں بھی عید میلاد النبی انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا اور اس موقع پر سیکو رٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،راولپنڈی میں اندرون شہر نکالے جانے والے جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ ثنا خوانوں کے لیے استقبالیہ اسٹیج لگائے گئے،راولپنڈی میں جلوس کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوا ۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں جشن میلادۖ کے جلوس نکالے گئے اور محافل کا انعقاد کیا گیا ، اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔گذشتہ روز مختلف عرب ممالک میں بھی عید میلادالنبیۖ روایتی انداز میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی تھی۔