ممبئی: بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون شوبز انڈسٹری میں منشیات کے معاملے میں دوبارہ پریشانی کا شکار ہوسکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دیپیکا کی منیجر کرشمہ پرکاش کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران کرشمہ کے گھر سے منشیات برآمد ہوئیں جسے ادارے نے قبضے میں لے لیا۔
دیپیکا کی منیجر کے گھر سے منشیات ملنے کے بعد امکان کیا جارہا ہے کہ ڈرگز کے معاملے میں اداکارہ کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔
بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی مبینہ خودکشی کے بعد پولیس تحقیقات کی گئیں تو ان کی دوست ریا چکروتی نے اعتراف کیا کہ وہ سوشانت کیلئے منشیات منگواتی رہی ہیں۔ ان معلومات پر مزید تفتیش کی گئی تو بالی وڈ کی کئی شخصیات منشیات کیس کی لپیٹ میں آ گئیں جن میں دیپیکا، ان کی مینیجر کرشمہ اور سارہ علی خان سمیت دیگر شامل تھیں۔