کراچی: سندھ کے جزیروں کے انتظام وفاق کے حوالے کرنے کے خلاف درخواستوں میں اٹارنی جنرل سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے۔ خالد جاوید خان نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ جب تک تنازعہ حل نہیں ہوتا کوئی ترقیاتی کام شروع نہیں ہوگا۔
سندھ ہائیکورٹ میں سندھ کے جزیروں کا انتظام وفاق کے حوالے کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ جزائر کا تنازع حل ہونے تک کوئی ترقیاتی کام شروع نہیں ہوگا، ماہی گیروں اور مینگروز کو بھی کوئی نقصان نہیں ہوگا، کوئی شک نہیں جزائر سندھ کی عوام کی ملکیت ہیں۔
اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے کہا آرڈیننس آخری فیصلہ نہیں، ترمیم بھی ہو سکتی ہے، وفاق صوبے کی مشاورت سے ہی ترقیاتی کام شروع کرے گا، صوبے کے مفادات عزیز ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔