موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد گرفتار نہ ہو سکا تاہم والدہ کے بعد اس کی بیوی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے رات گئے قصور میں سرچ آپریشن کیا گیا اور 2 کلو میٹر پر پھیلے کھیتوں کو گھیرے میں لے کر تلاشی لی گئی تاہم مرکزی ملزم پھر بھی ہاتھ نہ آ سکا۔
کیس میں اب تک خاتون سمیت ملزم عابد کے 5 رشتے دار زیر حراست ہیں۔
عابد کی بیوی بشریٰ بی بی کو مانگامنڈی سے حراست میں لیا گیا ہے، وہ قلعہ ستار شاہ میں ملزم عابد کی تلاش میں پولیس چھاپے کے دوران فرار ہو گئی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بشری بی بی نے عابد سے دوسری شادی کی تھی، پہلے شوہر عبد سے اس کی ایک بیٹی ہے، بشری کا تعلق تحصیل تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے زیرحراست افراد کا 2 روز پہلے عابد سے رابطہ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 9ستمبر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔