لاہور: انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں ملزمان تک پہنچنے کے لیے ثبوت مل گیا ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ موٹروے پر پیش آنے والے واقعے کے کیس میں اب تک بہت اچھا کام ہوا ہے، ہم اس گاؤں تک پہنچ چکے ہیں جہاں سے ملزمان کا تعلق ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ 20 ٹیمیں اس پر کام کر رہی ہیں اور اس انویسٹی گیشن کو ڈی آئی جی خود دیکھ رہے ہیں، جلد از جلد ملزمان گرفتار ہوں گے۔

انعام غنی کا کہنا تھا کہ خاتون نے ملزمان کی عمر اور کچھ شناخت بھی ظاہر کی ہے، اس وقت ایک بہت اچھا سراغ ملا ہے جو سیدھا ملزمان تک پہنچائے گا لیکن ابھی اسے میڈیا پر نہیں بتایا جا سکتا۔

آئی جی پنجاب نےبتایا کہ پورے علاقے کی ووٹر لسٹ اور نادرا کا ریکارڈ لے لیا ہے، ملزمان کی ایج بریکٹ کے لوگوں کو شناخت کیا ہے اور 70 ایسے لوگ ہیں جن کا پہلے سے کرمنل ریکارڈ ہے، ہم ان سب کو چیک کر رہے ہیں اور جیوفینسنگ بھی کرالی گئی ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر موٹروے یا اس کے پاس کوئی واقعہ ہوتا ہے ہم ذمہ دار ہیں، ہم خود ملزمان تک پہنچیں گے، اگر اس کیس میں ابھی غلطی ڈھونڈیں گے تو ملزمان بچ جائیں گے اس لیے ظلم کرنے والے ظالموں تک پہنچنا اس وقت ہماری ترجیح ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here