اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لیے 1100 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور وفاقی و صوبائی وزرا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کے لیے کوآرڈی نیشن ضروری ہے، بارشوں سے پہلے کورونا کا چیلنج تھا، کورونا سے نمٹنے کے لیے ہم نے کمیٹی بنائی، ٹڈی دل کے چیلنج سے نمٹنے کےلیے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے تباہی ہوئی، ہم نے محسوس کیا کہ کراچی کا مسئلہ اہم ہے اس پر بات کرنا ضروری ہے۔ کراچی کے لوگوں نے مشکل وقت کا سامنا کیا، کراچی میں نالے ،نکاسی آب ،بےگھرافراد اور سولڈ ویسٹ کے مسائل ہیں۔ شہر کی سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر کا مسئلہ حل کرنا ضروری ہے۔ ہم نے مل کر کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت نے مل کر 1100 ارب روپے کا پیکیج ترتیب دیا ہے۔ اس کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی، نالوں کی صفائی اور بے گھر افراد کی آباد کاری ہوگی۔ کراچی سرکلر ریلوے بھی اسی پیکیج سے مکمل کریں گے۔