کراچی: فیس بک نے پاکستان سے آپریٹ ہونے والے 453 فیس بک اکاؤنٹس، 103 پیجز، 78 گروپس اور 107 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کردیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک کے مطابق غیر فعال کیےگئے اکاؤنٹس ‘جعلی’ تھے جہاں سے ‘منظم انداز’ میں مقامی اور غیر سرکاری مہم سے متعلق لوگوں کو گمراہ کیا جارہا تھا۔
کمپنی کی جانب سے لگائی گئی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ داخلی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بعض نیٹ ورک خطے میں مشتبہ مربوط سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
فیس بک کے مطابق غیر فعال کیے گئے نیٹ ورک کے پیچھے جعلی اکاؤنٹس تھے، ان میں سے بعض نے خود کو بھارت سے تعلق ظاہر کیا تھا اور بھارتی فوج سے متعلق مواد شائع کرتا تھا اور ان کے فیس بک پیجز بھی تھے۔
فیس بک نے مزید کہا کہ اکاؤنٹس، صفحات اور گروپوں کی اکثریت ‘منظم انداز میں ایک دوسرے سے رابطہ کرکے مواد’ ڈال رہے تھے جو پاکستان کی حکومت یا بھارت کی حمایت میں تھے اور کچھ اسپام میں مشغول تھے۔