اسٹاف رپورٹ
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ عاشور کے موقعے پر عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ظلم، جھوٹ اور زیادتیوں کا مقابلہ کرنے کے لیئے حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم اور جھوٹ جہاں کہیں بھی ہوں، خواہ وہ آپ کے گھر کے قریب ہوں یا دور، وہ کشمیر میں ہوں یا فلسطین میں، ان کے خلاف لڑنا ہوگا اور ظالم کے سر جھکنا چاہیئے۔ تشدد اور جبری گمشدگیاں بھی ظلم ہے، جبکہ اس سال یوم عاشور اور جبری گمشدگیوں کے خلاف عالمی دن ایک ہی دن پر منائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں انسانیت کے خلاف اِن جرائم کے مرتکب افراد کی مذمت اور مزاحمت کرنی چاہیئے، خواہ وہ دنیا میں کہیں بھی ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جھوٹ و ظلم، عسکریت پسندوں اور انتہا پسندوں کی جانب سے استعمال کیا جانے والا ایک ہتھیار ہے، جبکہ عوام کو ان جنونیوں کے مذموم سازشوں سے خبردار رہنا چاہیئے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج وہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ظلم اور ناانصافی کے سامنے وہ کبھی نہیں جھکیں گے اور نہ ہی باطل کو حق و سچائی کو مفتوح بنانے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کے دن ہم کربلا کے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیِ انہیں اپنی رضا و خوشنودی عطا فرمائے۔