سندھ میں چیئرمین نیب کی جانب سے اربوں روپے کی گندم کی خورد برد کی تحقیقات کے لیے ڈی جی سکھر نیب کی سربراہی میں بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں طلب کیے جانے پر آج وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور سوا گھنٹے تک گندم کی خورد برد کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کراتے رہے۔
ذرائع کے مطابق بیان ریکارڈ کرانے کے دوران تحقیقاتی ٹیم نے ان سے مختلف سوالات بھی کیے جن کا وزیر اعلیٰ سندھ نے جواب بھی دیا۔
جبکہ وزیر اعلیٰ سوا گھنٹے تک نیب آفس میں موجود رہنے کے بعد این آئی سی وی ڈی اسپتال روانہ ہوگئے، جہاں انہوں نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی عیادت کی۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بغیر کسی پروٹوکول کے دو گاڑیوں کے ساتھ نیب سکھر آفس میں پیش ہوئے تھے۔