لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نوازشریف اپوزیشن کو نیب ہڑتال پر جانے اور جیل بھرو تحریک چلانے کے خواہشمند ہیں۔ ایک مفرور مجرم کی جانب سے دوسروں کو جیل بھرنے کے تلقین منافقت کی اعلیٰ، ارفع اور تابناک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے مولانا فضل الرحمن کو فون پر ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف خود تو "دس بہانے کر کے لے گئی دل” کے مصداق پتلی گلی سے لندن بھاگ گئے۔ اب لندن بیٹھ کر اپوزیشن کو آنکھوں دیکھا زہر کھانے کی تعلیم، تلقین اور تربیت دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان عقلمند ہوئے تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ناجائز سیاسی خواہشات کے لیے اپنا کندھا نہیں دیں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف فرار کی حالت میں بھی ایک آئینی حکومت کے خلاف غیر آئینی سازشیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لگتا ہے نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی سیاست کا گلا گھونٹنے کی ٹھان لی ہے۔ اپوزیشن جان لے عوام اب انکی چالوں سے پوری طرح واقف ہو چکی ہے۔