کراچی: ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز نے کہا ہے کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 60 روپے، کمرشل سلنڈر 230 روپے مہنگا ہو گیا۔
ملک بھر میں ایل پی جی 100 روپے سے بڑھ کر 105 روپے فی کلو ہو گئی، چیئرمین انڈسٹریز کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ تفتان بارڈر بندش کے باعث ہوا۔
ملک بھر میں روزانہ 1200 میٹرک ٹن ایل پی جی کی قلت ہے جب کہ ایل پی جی کی قیمت مزید بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔
تفتان بارڈر پر ایل پی جی کو پاکستانی بوزرز (ٹینکر) میں منتقل کرنے والے 14 ایل پی جی پلانٹ اسسٹنٹ کمشنر تفتان نے ہفتے کی شام سیل کر دیے، جس سے حکومتِ پاکستان کو ٹیکس کی مد میں روزانہ ڈیڑھ کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔