واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر مخالف صدارتی امیدوار جوبائیڈن، سابق صدر اوباما، ڈبلیو ایچ او اور چین کے خلاف الزامات کے انبار لگا دیے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی امیدوار جوبائیڈن پر تنقید کے زبردست نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں 10 ہزار فیکٹریاں بند ہوئیں، وہ 8 سال اوباما کے ساتھ اقتدار میں رہے، دونوں نے چین کو ہمارے راز چوری کرنے کی اجازت دی۔
ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن نے چین کی ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں شمولیت کی حمایت کی تھی، ڈبلیو ٹی او میں آ کر چین نے پوری دنیا کو لوٹا، کرونا وبا کے معاملے پر جوبائیڈن نے چین کا ساتھ دیا، جوبائیڈن نے کہا کہ چین کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا ہنٹر بائیڈن کئی ملین ڈالرز لے کر اڑا لیکن کوئی اس کے بارے میں بات نہیں کرتا، میں نے دنیا کی سب سے بڑی اور مضبوط معیشت تشکیل دی، کرونا کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو بند کرنا پڑا تھا، اب ملکی معیشت کو دوبارہ سے تعمیر کر رہے ہیں۔