وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہم کورونا وائرس کیسز کا جائزہ لیتے رہے ہیں، این سی او سی کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاوَن کا دائرہ وسیع کیا گیا، جبکہ صوبوں نے ایس او پیز پرعمل درآمد کروانے کے لیے کارروائیاں کی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاوَن کے باعث اسپتالوں میں کورونا کیسز کم آئے ہیں، اگر ایس او پیز پر عمل درآمد ہوگا تو امید ہے کہ جولائی کے آخر تک کورونا کیسز کی تعداد 4 لاکھ سے کم ہوسکتی ہے۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر انتظامی کارروائی نہیں کریں گے تو ہوسکتا ہے کہ جولائی تک 12لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں صورتحال بہتر نظر نہیں آرہی ، وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا سے کورونا پر بات کی ہے، سندھ میں مزید کتنا بہتر کام ہوسکتا ہے اس پر پھر مشاورت ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد ہے اور 4500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here