وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امن و امان سندھ حکومت کی ذمیداری ہے اور اس حوالے سے وفاق سندھ حکومت کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ آپریشن کے لئے رینجرز موجود ہے سندھ حکومت جب چاہے انکی خدمات حاصل کرسکتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ 23 مئی کو پولیس نے آٹھ مغویوں کو شکارپور کے کچے سے بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کیا، اے پی سیز خراب ہونے کے باعث ڈاکوؤں نے حملہ کیا جس میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
خیال رہے کہ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ڈی جی علی نواز، مشیر قانون ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی شریک تھے۔