وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان جنوبی پنجاب میں اختیارات کی مکمل منتقلی کو یقینی بنائے گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ویڈیو لنک کے ذریعے جنوبی پنجاب کے انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ احساس محرومی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم نے مشاورت کے بعد جنوبی صوبے کے مطالبے کو تحریک انصاف کے منشور میں شامل کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کا مطالبہ کسی لسانی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ محض انتظامی بنیادوں پر کیا گیا ہے اور جنوبی پنجاب کو اختیارات کی منتقلی کے لئے ہم نے طویل جدوجہد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے عوام سے وعدے کیے مگر وقت آنے پر منافقانہ رویہ اختیار کیا ہے۔