اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10 ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کی تشکیل کردی ہے۔ منگل کو یہاں وزارت خزانہ میں قائم این ایف سی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق صدر مملکت نے دستور 1973کے آرٹیکل 160 (1) کے تحت 23 اپریل 2020 سے 10 ویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی تشکیل کردی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ واقتصادی امورڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ این ایف سی ایوارڈ کے چئیرمین ہوں گے، وزیرخزانہ سندھ، وزیرخزانہ پنجاب، وزیرخزانہ بلوچستان، وزیرخزانہ خیبرپختونخوا کمیشن کے ارکان ہوں گے، دیگر ارکان میں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ واقتصادی امور، طارق باجوہ (پنجاب)، ڈاکٹراسد سعید (حکومت سندھ) اور مشرف رسول سیاں(حکومت خیبرپختونخوا، جاوید جبار(حکومت بلوچستان) شامل ہیں، وفاقی سیکرٹری خزانہ این ایف سی کے سرکاری ماہر(آفیشل ایکسپرٹ) ہوں گے۔ صدرمملکت نے وزیرخزانہ کی عدم موجودگی میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات کو این ایف سی ایوارڈ کے اجلاسوں کی صدارت کا اختیار تفویض کردیا ہے۔