کابل: افغانستان میں طالبان کے ایک حملے میں 12 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے بدخشاں میں طالبان کے حملے میں ایک کمانڈر سمیت 12 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے، حملے میں دس اہلکار زخمی بھی ہوئے جن کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ ضلع جرم کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا۔
ایک جانب افغانستان میں دھماکوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ افغانستان سے مزید فوج واپس بلانے کیلئے غور و حوض میں مصروف ہیں اور ان کا اگلے ہفتے اس حوالے سے فیصلہ بھی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں موجود 5 ہزار میں سے اڑھائی ہزار فوجی واپس امریکہ بلانے کا حکم سامنے آ سکتا ہے جس کیلئے امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان نے فوجی کمان کو انخلا کیلئے تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ اپنے اقتدار کے خاتمے سے قبل کچھ ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جن سے وہ امریکی سیاست میں اپنی اچھی شہرت برقرار رکھ سکیں، کورونا ویکسین کی تیاری اور ایران پر حملے کے منصوبے کے علاوہ افغانستان سے فوج واپس بلانے پر عملدرآمد ہو گیا تو یہ ٹرمپ کے غیر روایتی فیصلوں میں شمار ہوں گے۔