کراچی: عدالت نے مزار قائد پر نعرے بازی کے کیس میں کیپٹن (ر) صفدر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں مزار قائد پر نعرے اور مبینہ بے حرمتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر کے وکلا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔
کیس کے تفتیشی افسر نے چالان جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کرلی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کے لیے 3 دن کی مہلت دے دی۔
علاوہ ازیں عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر 19 اکتوبر کو کراچی کے نجی ہوٹل سے علی الصبح گرفتار کیا گیا تھا تاہم شام میں پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔