لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی واقعہ پر انکوائری کی ضرورت نہیں، سب کچھ سامنے ہے، انکوائری رپورٹ چھپانے نہیں دیں گے، بڑوں کی لڑائی میں چھوٹوں کا کوئی کام نہیں، نوازشریف مخالفین کے سروں پر سوار ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کے بغیر پاکستان، شہباز شریف کے بغیر پنجاب لا وارث ہے، بھائی سے بھائی کو لڑانے کی سازش کی گئی، بھائی کا ساتھ دینے پر شہباز شریف کو جیل بھیجا گیا، میاں صاحب یہاں نہ ہو کر بھی سب سے زیادہ یہاں موجود ہیں، مخالفین کے گھبرانے سے ظاہر ہوگیا میاں صاحب مخالفین کے سروں پر سوار ہیں، جتنے کیس بنانے ہیں بنالیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا غلط فیصلوں کے اثرات قوم کو بھگتنا پڑتے ہیں، روٹی 30 روپے کی ہونے جا رہی ہے، مارکیٹ سے آٹا غائب ہے، نواز شریف نے کہا عمران خان ہمارا ہدف نہیں، نواز شریف نے کہا بڑوں کی لڑائی میں بچوں کا کام نہیں، کراچی واقعہ نے ثابت کر دیا یہ بڑوں کی لڑائی ہے، جلد یا دیر سے آپ کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا بلوچ طلبا کو سوشل میڈیا پر فالو کر رہی تھی، سیاسی مقصد کیلئے بلوچ طلبا کے پاس نہیں آئی، کوئٹہ جلسے میں بلوچ طلبا کا مسئلہ اٹھاؤں گی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کمرے پر دھاوا بولنا غیر قانونی ہے، آپ نے چادر چار دیواری پر حملہ کیا، ہم انکوائری رپورٹ چھپانے نہیں دیں گے، کراچی واقعہ کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے، انکوائری میں مجھے بلایا گیا تو ضرور پیش ہوں گی، حکومت بنی گالہ میں چھپ کر بیٹھی ہے، عمران خان کو ڈمی بنا کرعہدے پر بٹھایا ہوا ہے، آج وہ بھی غائب ہیں، شاید حکومت جنوری سے قبل ہی چلتی بنے۔
مریم نواز نے کہا ایک خاتون کے کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئے، ایک ایک چیز سی سی ٹی وی فوٹیج میں موجود ہے، حکومتی مشیر اپنی خفت مٹانے کیلئے بیان بازی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ایک لمحے کیلئے بھی یہ خیال نہیں آیا کہ یہ پیپلزپارٹی نے کیا ہے، پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت ہے وہ نتائج جانتی ہے، وہ چادر چاردیواری کا تقدس جانتے ہیں، بلاول نے مجھے ٹیلیفون کیا، وہ مجھ سے زیادہ غصے میں تھے۔ انہوں نے کہا جمہوریت میں حکومت، عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیئے، کسی اور کو نہیں، جمہوری حکومت میں حکومت اور عدلیہ کے سوا کسی سے اپیل بھی نہیں کرنی چاہیئے۔