لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کو مخاطب کرنا شیخ رشید کو مہنگا پڑے گا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے سیاسی رواداری ختم کر دی ہے، نیب کے ذریعے انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف پہلے کرپشن کا بیانیہ لایا گیا، اب غداری پر اتر آئے ہیں، نواز شریف کو اللہ نے عزت دی ، حکومت صرف پروپیگنڈا کر رہی ہے، نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوا ہے، 3 بار کے وزیر اعظم کو غدار قرار دینا افسوس ناک ہے۔ حکومت بتائے کہ ڈھائی برسوں میں کیا کیا، جلسوں کے صرف اعلان سے حکومت کے ہاتھ پاؤں پھُول گئے۔
شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید نے مریم نواز کے بارے میں جو بیان دیا ہے اس پر تنبیہ کرتا ہوں کہ اپنی اوقات میں رہیں، اب حد ہوگئی ہے، مریم نواز کو مخاطب کرنا شیخ رشید کو مہنگا پڑے گا، شیخ رشید مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کے لیے منتیں ترلے کرتے تھے، پارٹی میں اس کی سفارشیں بہت اہم شخصیات کرتی تھیں، اس وقت نواز شریف کو کہا تھا کہ اس کو شامل کرلیں ورنہ یہ غلاظت پھیلائے گا۔