لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو گرفتار کرلیا۔

منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جہاں جسٹس سردار نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ اس دوران شہباز شریف کی طرف سے بولنے کی اجازت مانگنے پر جج نے کہا کہ ابھی وکلا دلائل دے رہے ہیں اگر کوئی بات رہ جائے تو آپ اپنا موقف پیش کرسکتے ہیں۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں صفحات پر مشتمل 58 والیمز میں شہباز شریف کے خلاف کوئی دستاویزی شہادت موجود نہیں ہے، شریف گروپ آف کمپنیز کے کسی ریکارڈ سے شہباز شریف کا کوئی لینا دینا نہیں ہے جب کہ شریف گروپ آف کمپنیز وہ کمپنیاں جن میں شہباز شریف کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔
شہباز شریف نے عدالت سے کہا کہ عاجزی سے کہتا ہوں کہ نیب کو ڈھائی سو سال لگ جائیں لیکن ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملے گی، قومی خزانے کا ایک ارب بچایا اور اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کیے جب کہ میرے فیصلے سے میرے بھائیوں اور میرے بچوں کو نقصان ہوا، میں نے اپنے ضمیر کی آواز پر نہ کسانوں کو نقصان پہنچایا نہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، اگر کرپشن کی ہوتی تو واپس کیوں آتا لندن میں رہ کر زندگی گزرتا، حکومت میری زبان بندی چاہتی ہے۔

عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج کردی جس کے بعد نیب حکام نے انہیں گرفتار کرلیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here