اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
انہوں نے کورونا سے بچاؤکے لیے فیس شیٹ اوراین 95 ماسک پہنا ہوا تھا۔
وہ گزشتہ سال 12 دسمبر کو رہائی کے بعد پہلی دفعہ احتساب عدالت پیش ہوئے ہیں۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس نے احتساب کورٹ کے سخت سکیورٹی انتظامات کیے اور ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔
احتساب عدالت نے آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
عدالت نے آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید کو فردجرم کے لیے 9 ستمبر کو طلب کرلیا۔
عدالت نے آصف زرداری کو آئندہ سماعت پر استثنیٰ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم خود پیش ہو۔