اسلام آباد: پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پب جی بندش کی وجہ سے ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک (وی پی این) اور ایمازون ویب سروسز متاثر ہونے کی خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ایمازون ویب سروسز کے صارفین کو سروس چلانے کے حوالے سے مشکلات پیش آئیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ یہ سروس کی معطلی پب جی بندش کی وجہ سے ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پب جی پابندی کی وجہ سے ایمازون کی سروس متاثر ہونے کی باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں، عوام کی سہولت کے پیش نظر پی ٹی اے نے پہلے ہی اپنی ویب سائٹ پر وی پی این رجسٹریشن کے طریقہ کار وضاحت جاری کی ہوئی ہے۔
پی ٹی اے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وی پی این (ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک) کی رجسٹریشن کی وضاحت اور آگاہی کے لیے انڈسٹری کی سطح پر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں اور رجسٹریشن کے لیے آن لائن میکانزم کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔