اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نےتحریک لبیک پرپابندی کی سمری منظورکرلی۔
وزیراعظم نےتحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سمری منظورکرلی ہے، جب کہ وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سرکلر سمری وفاقی کابینہ نے بھی منظور کرلی ہے۔
سمری میں ہے کہ تحریک لبیک کی پُرتشدد کارروائیوں سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 580 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، تحریک لبیک کے 2063 کارکن گرفتار اور 115 ایف آئی آردرج کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، جب کہ اس کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔