وزیراعظم عمران خان مختصر وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر سری لنکا روانہ ہوگئے۔ پاکستانی وزیراعظم کے سری لنکن پارلیمنٹ سے خطاب کی منسوخی کی بھی متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ عمران خان سری لنکن وزیراعظم مہیندا راجاپاکسا کی دعوت پر 23 سے 24 فروری تک سری لنکا کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے میں کچھ وفاقی وزرا اور سینیر حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا سری لنکا کا دورہ ہے۔ عمران خان اپنے دورے میں سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپاکسا اور وزیراعظم مہیندا راجاپاکسا سے بھی ملاقات کریں گے۔

اہم دورے میں تجارت اور سرمایہ کاری، صحت اور تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع اور سیکیورٹی، ثقافت اور سیاحت کے معاملات پر دوطرفہ تبادلہ خیال ہوگا، جب کہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو مزید بڑھانے کے لیے سری لنکا- پاکستان دوستی ایسوسی ایشن کا اعلان کیا جائے گا۔ عمران خان ایک مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے، جب کہ دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here