امریکی خلائی ادارے (ناسا) نے خلا سے لی گئی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں کوہ ہمالیہ، لاہور اور دہلی نظر آرہے ہیں۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے لی گئی تصاویر ناسا نے انسٹا گرام پر جاری کیں جس میں برف سے ڈھکی ہمالیہ کی ہیبت ناک چوٹیوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
اس سحر انگیز تصویر میں کوہ ہمالیہ کی دائیں جانب لاہور اور بھارتی شہر دلی کی روشنیاں بھی واضح ہیں۔ یہ تصویر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے عملے کے ایک رکن نے کھینچی ہے۔
ناسا نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ جنوب میں یا تصویر میں دائیں ہاتھ پر شمالی بھارت اور پاکستان کا زرخیز علاقہ واقع ہے جبکہ شمال میں یا تصویر کے بائیں جانب تبت کا سطح مرتفع کا خشک علاقہ ہے جسے دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے۔
سورج کی تابکار شعاؤں سے مدھم نارنجی دکھائی دینے والے فضائی ذرات کے نیچے نئی دہلی اور لاہور کی چمک دار روشنیاں واضح نظر آرہی ہیں۔
ناسا کی اس تصویر کو سوشل میدیا صارفین نے خوب سراہا اور لائکس اور تبصروں کے ڈھیر لگ گئے۔ لوگ تعجب کا اظہار کررہے ہیں کہ فضا میں اس قدر بلندی سے کیا واقعی یہ شہر نظرآسکتے ہیں۔ کائنات کی ان وسعتوں کو دیکھ کر اللہ کی شان و قدرت کاملہ کا اندازہ ہوتا ہے اور انسان خود بخود خدا کی عظمت و بزرگی کے آگے سجدہ ریز ہوجاتا ہے۔