کراچی: گلشن اقبال میں واقع ایک رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکا 4 منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر نجی بینک اور 3 دکانیں بھی قائم ہیں۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے ناصرف عمارت کی 2 منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں بلکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔
دھماکے کے 19 زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے جن میں سے 5 دم توڑ گئے ہیں جب کہ 7 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کی شناخت ہوگئی ہے، وہ عمارت کے نیچے واقع نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈز تھے۔
واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ مبینہ ٹاؤن نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکا سلنڈر کا لگ رہا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے پائپ لائن دھماکے کے خدشہ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کے کمرشل اور گھریلو میٹرز محفوظ ہیں۔
وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پولیس اپنا کام کر رہی ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، تحقیقات کے بعد ہی صحیح بات بتائی جا سکتی ہے۔